مراکش: سڑکوں کی صفائی کرنیوالی 25سا لہ خاتون مس حسینہ منتخب
رباط(این این آئی)مراکش میں سڑکوں کی صفائی کرنیوالی 25سالہ خاتون مس حسینہ منتخب ہوگئیں۔ عرب ٹی وی کے مطابق مراکش کی 25 سالہ خاتون خاکروب سناء معطاط کو سڑکوں کی صفائی اور کچرا جمع کرنے جیسا محنت طلب کام اور گھریلو ذمہ داریوں کا بار کبھی بھی اپنے ظاہری جمال اور جلد کی خوبصورتی پر توجہ دینے سے نہ روک سکا اور زندگی کے دشوار حالات کے باوجود وہ مراکش میں 2018ء کے لیے خوب صورت ترین خاتون خاکروب کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ کچھ عرصہ قبل اس اعزاز کا تاج سر پر سجانے کے بعد سناء کی کئی تصاویر سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر گردش میں آئیں۔ تصاویر میں وہ خاکروبوں کی سرکاری وردی میں ملبوس نظر آ رہی ہے۔ تاہم سناء جو دو بچوں کی ماں بھی ہے اپنے پیشے پر فخر محسوس کرتی ہے اور اس نے اپنا پیشہ تبدیل کرنے کے بارے میں کبھی نہیں سوچا۔