چیئرمین سینٹ کم عمر‘ قائم مقام صدر نہیں بن سکتے: آئینی رکاوٹ نہیں، ماہرین کی متضاد آراء
لاہور (وقائع نگار خصوصی) قانونی ماہرین نے سینٹ کے نومنتخب چیئرمین صادق سنجرانی کی عمر کم ہونے کے باعث قائم مقام صدر مملکت بننے کے حوالے سے مختلف رائے کا اظہار کیا ہے۔ سپریم کورٹ بار کے سابق صدر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ آئین پاکستان میں سینٹ کے چیئرمین اور قائم مقام صدر مملکت بننے کے لئے علیحدہ علیحدہ اہلیت ہے۔ صادق سنجرانی آئینی طور پر سینٹ کے رکن اور بعد ازاں چیئرمین بننے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ وہ اس بارے میں عمر کی اہلیت پر بھی پورا اترتے ہیں، قائم مقام صدر مملکت کے لئے عمر کی وہی شرط ہے جو صدر مملکت کے لئے ہے۔ اس لئے صادق سنجرانی قائم مقام صدر مملکت نہیں بن سکیں گے اس کے لئے ان کی جگہ ڈپٹی چیئرمین سینٹ کو قائم مقام صدر مملکت بنایا جاسکتا ہے۔ بیرسٹر جاوید اقبال جعفری نے اس رائے سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ قائم مقام صدر مملکت بننے کے لئے آئین میں عمر کا کوئی ذکر نہیں۔ آئین میں صرف یہی درج ہے کہ جب صدر مملکت موجود نہ ہوں تو چیئرمین سینٹ قائم مقام صدر مملکت ہوں گے۔ اس لئے صادق سنجرانی کے لئے قائم قائم صدر مملکت بننے میں آئینی طور پر کوئی رکاوٹ نہیں۔ عمر کا تعین دستور میں صرف صدر مملکت کے لئے کیا گیا ہے۔ قائم قائم صدر مملکت کے لئے عمر کی کوئی شر ط نہیں۔ جو بھی چیئرمین سینٹ ہوگا وہ قائم مقام صدر مملکت بن سکتا ہے۔