زیادتی واقعات کی روک تھام کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے‘ مریم اورنگزیب
اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات، قومی تاریخو ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشرے میں بچوں سے زیادتی کے واقعات کی روک تھام کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، میڈیا کو اس سے متعلق والدین اور بچوں میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے اپنا قومی فرض ادا کرنا چاہئے،پنجاب حکومت نے انفارمیشن ٹیکنالوجی پر مبنی نظام وضع اور فرانزک لیبارٹری قائم کی ہے جس سے دوسرے صوبے بھی استفادہ کر رہے ہیں ، زینب اور عاصمہ کیس نے ہماری آنکھیں کھول دی ہیں، تمام اسمبلیوں نے اس حوالے سے قانون سازی کیلئے کام شروع کر دیا ہے، سپیکر قومی اسمبلی کی قائم کردہ چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی موجودہ قوانین، لیگل فریم ورک اور قواعد و ضوابط میں مؤثر بہتری کیلئے ان کا جائزہ لے کر 30 دن میں اپنی سفارشات پیش کرے گی، وفاق اور صوبوں میں پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) سے متعلق ٹاسک فورس کام کر رہیں ہیں، یونیسیف پاکستان میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری لانے میں شراکت دار ہے ۔ وہ منگل کو یہاں یونیسیف کے زیراہتمام پاکستان میں چائلڈ پروٹیکشن، کیس مینجمنٹ اور ریفرل سسٹم کے موضوع پر ورکشاپ سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں سے زیادتی کے واقعات کی روک تھام کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ معاشرتی رویے تبدیل کرنے، سول سوسائٹی اور میڈیا سمیت تمام متعلقہ فریقوں کی اجتماعی سوچ اور کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قصور جیسے واقعات کو سامنے لانا میڈیا کی ذمہ داری ہے، تاہم اسے ایسے واقعات سے بچنے کیلئے آگاہی پیدا کرنے کیلئے اپنی سماجی ذمہ داری بھی پوری کرنی چاہئے۔