لیٹروں کو چوکوں میں لٹکائیں گے، عمران: گجرات خطاب کے دوران جوتا علیم خان کو لگا
گجرات/ جلالپور جٹاں (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں + نامہ نگار) گجرات میں عمران خان کے خطاب کے دوران کسی نے جوتا اچھالا جو نشانہ خطا ہونے پر برابر میں کھڑے علیم خان کو جا لگا۔ نجی ٹی وی کے مطابق جوتا عمران خان کی جگہ نشانہ چوکنے پر علیم خان کو لگا۔ علیم خان جوتا لگنے پر چونک گئے۔ عمران خان ممبرسازی مہم کے دوران گاڑی پر چڑھ کر تقریر کررہے تھے۔ عمران خان گاڑی پر کھڑے تھے جہاں پر کوئی تحفظ نہیں تھا جس کے بعد عمران خان خطاب ختم کرکے نیچے اتر گئے۔ علیم خان کو جوتا لگتے ہی کارکنوں نے علیم خان کو کور کرلیا۔ عمران خان نے گجرات میں کارکنوں سے خطاب میں کہا ہے کہ بڑا بھائی گیا تو چھوٹا بھائی آگیا۔ گاڈ فادر گیا تو چھوٹا ڈان آگیا۔ شہباز شریف کہتے ہیں قائداعظم کے بعد نواز شریف سب سے بڑا لیڈر آگیا۔ قائداعظم کے دشمن بھی کہتے تھے قائداعظم صادق اور امین ہیں۔ کدھر قائداعظم اور کدھر سب سے بڑا ڈاکو نواز شریف۔ شہباز شریف اتنا بڑا جھوٹ بولتے ہوئے شرم نہیں آئی۔ ہم ایسے امیدوار دیں گے جو ہم سے مل کر تبدیلی لے کر آئیں گے۔ نواز شریف تو فارغ ہوگئے، شہباز شریف اب تمہاری باری آنے والی ہے۔ کدھر قائداعظم اور شہباز شریف اور نواز شریف کدھر تم۔ قبل ازیں جلالپور جٹاں، ٹانڈہ چوک میں ممبر سازی مہم کے سلسلے میں لگائے گئے کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے عمران حان نے کہا کہ نااہل وزیراعظم ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کے بعد اب رو رہا ہے۔ مگر ابھی پارٹی شروع ہوئی ہے۔ نوازشریف کے بعد شہبازشریف بھی شکنجے میں آئیں گے۔ یہ الفاظ انہوں نے جلالپورجٹاں ٹانڈہ چوک میں ممبر سازی مہم کے سلسلہ میں لگائے گئے کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کہے جس کی میزبانی سابق ٹکٹ ہولڈر شیخ شاہد انور، انجمن کشمیریاں ناروے کے صدر شیخ فواد انور نے کی۔ سابق وفاقی وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان اور مرکزی رہنما علیم خان بھی ہمراہ تھے۔ عمران خان نے کہاکہ میاں نوازشریف اور شہبازشریف نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جس سے ملک کی عوام غریب ہوگئے۔ انشاء اللہ تعالیٰ تحریک انصاف ملک کے کسانوں کی حالت بہتر بنانے کے علاوہ عوام کا معیار زندگی بلند کرے گی۔ حکومت ملنے کے بعد چوروں، غاصبوں لٹیروں کو چوکوں میں لٹکائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت انکو نااہل قرار دیتی ہے تو کہتے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا۔ نواز شریف اپنے کرتوتوں پر نظر دوڑائیں تب انہیں سمجھ آ جائے گی۔ دونوں بھائیوں نے عوام کا جینا محال کردیا حکومت کی نااہلی کی قیمت عوام مہنگائی کے ذریعے ادا کررہی ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے اپنا ریٹ بڑھایا جس کے بعد ڈیزل بھی مہنگا ہوگا۔ علاوہ ازیں عمران خان نے کہا ہے کہ گلو بٹ مائنڈ سیٹ جمہوریت کے لئے نقصان دہ ہے، شہباز شریف نے ٹیکس کا پیسہ ذاتی تشہیر کیلئے استعمال کیا۔ منگل کو عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ شہباز شریف نے ٹیکس کا پیسہ ذاتی تشہیر کے لئے استعمال کیا۔ شہباز شریف کو ٹیکس کا پیسہ واپس کرنے کا حکم سراہتے ہیں۔ کہیں بھی ٹیکس کا پیسہ ذاتی تشہیر پر استعمال نہیں ہوتا۔ کے پی کے حکومت کے اشتہارات کی تحقیقات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ پالیسی میں وزیراعلیٰ یا کسی وزیر کی اشتہار میں تصویر کی اجازت نہیں۔ پانچ سال میں کے پی حکومت نے صرف 1.6 ارب خرچ کئے۔حامد الحق پر وزیراعظم کے بیٹے اور باڈی گارڈ کے حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ گلو بٹ مائنڈ سیٹ پی ایم ایل این میں سرایت کرچکا ہے جو جمہوریت کے لئے نقصان دہ ہے۔تین دن میں عمران خان کو جوتا مارنے کی تیسری کوشش کی گئی۔ دو دن پہلے فیصل آباد میں گاڑی میں بیٹھے عمران خان پر جوتا پھینکنے کی کوشش کی گئی۔ گزشتہ روز گجرات میں ایک شخص نے پہلے بھی جوتا اچھالا جو ایک خاتون کو لگا۔ گجرات ہی میں جی ٹی ایس چوک پر عمران خان پر خطاب کے دوران جوتا پھینکنے کی کوشش کی گئی لیکن جوتا علیم خان کو جا لگا۔ علاوہ ازیں عمران خان کے جلسے کے دوران پی ٹی آئی کے کارکن مشتعل ہو گئے۔ ایک شخص کو لاتوں، گھونسوں اور لاٹھیوں کا نشانہ بنایا گیا۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے عمران خان کے جلسے میں جوتا پھینکے جانے کی مذمت کی ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جوتا پھینکنے کی حرکت کی کبھی حمایت نہیں کی جا سکتی۔ اس واقعے کی مذمت کرتے ہیں۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ جوتا مارنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ سیاسی جماعتوں کو ایسے لوگوں کے خلاف اکٹھا ہونا چاہیے۔ ایسے واقعات نہیں ہونے چاہئیں، مذمت کرتا ہوں۔ پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری نے کہا کہ جوتا پھینکنے والا سو فیصد ن لیگ کا ورکر ہو گا۔ ن لیگ میں قابل مذمت روایات ہی ہوتی ہیں۔ نواز شریف کو جوتا مارنے والا تحریک انصاف کا کارکن نہیں تھا۔ چھوٹے لوگ چھوٹی حرکتیں کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کو ایسی حرکت نہیں کرنی چاہئے۔
عمران