پارلیمنٹ حملہ کیس: پرویز خٹک، طاہرالقادری، ترین بدستور مفرور قرار، عمران کی 27 مارچ کو طلبی
اسلام آباد(صباح نیوز‘ نوائے وقت رپورٹ) انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی وی‘ پارلیمنٹ حملہ کیس میں وزیراعلی خیبرپی ٹی آئی پرویز خٹک، ڈاکٹر طاہر القادری اور جہانگیر ترین کو بدستور مفرور قرار دیا ہے۔منگل کوانسداد دہشت گردی عدالت کے جج کوثر عباس زیدی نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملے سے متعلق کیسز کی سماعت کی۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی، اسد عمر اور اعجاز چوہدری عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔جبکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پیشی کے لئے استثنیٰ حاصل کر رکھا تھا۔سماعت کے دوران عدالت نے مقدمے میں نامزد ملزمان ڈاکٹر طاہرالقادری، پرویز خٹک اور جہانگیر ترین کو بدستور مفرور قرار دے دیا اور حکم دیا کہ ملزمان کے سٹیٹس سے متعلق جامع رپورٹ پیش کی جائے۔ عدالت نے کہا رپورٹ میں بتایا جائے کتنے ملزمان کی ضمانت ہوئی، نامزد کتنے ملزمان نے استثنی حاصل کیا اور کون مفرور ہے۔سرکاری وکیل نے عمران خان کی مستقل استثنی سے متعلق درخواست پر دلائل کے لئے وقت مانگ لیا جب کہ عدالت نے شاہ محمود قریشی اور شفقت محمود کی منگل کے روزحاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرلی۔عدالت نے پی ٹی آئی پنجاب کے رہنما اعجاز چوہدری کی درخواست ضمانت بھی منظور کرلی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے عمران خان کے خلاف ایس ایس پی تشدد کیس کی سماعت کی جس کے دوران فاضل جج نے ملزم کی منگل کوحاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرلی۔عمران خان کی بریت کی درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کردی گئی جس پر 27مارچ کو دلائل دئیے جائیں گے۔ عدالت نے عمران کو 27 مارچ کو طلب کرلیا۔ سرکاری وکیل نے عمران خان کی غیرحاضری اور مستقل حاضری استثنیٰ کی درخواستوں کی سماعت کی اور کہا کہ اسی کمپلیکس میں سابق وزیراعظم نوازشریف بھی پیش ہورہے ہیں۔ عمران خان عدالتوں کے لاڈلے ہیں۔ عمران خان کے وکیل شاہد گوندل نے کہا سرکاری وکیل سے کسی سیاسی جماعت کی زبان بولنے کی توقع نہیں تھی۔ آپ یہاں سیاسی جماعت کے نہیں سرکار کے نمائندے ہیں۔ آئندہ سماعت پر عمران خان کی مستقل استثنیٰ اور بریت کی درخواست پر بھی بحث ہوگی۔
پارلیمنٹ حملہ کیس