جعلی ادویات کا خاتمہ کرنا ہوگا‘ سخت سزائیں دی جائیں گی: سپریم کورٹ
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) سپریم کورٹ نے جعلی ادویات بنانے والی کمپنی کے خلاف کارروائی پر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو ہراساں کرنے والے پولیس اور نیب افسران کیخلاف تحقیقات کا حکم دیدیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے نیب نے نوٹس جاری کرنے کی جرأت کیسے کی؟ عدالتی اجازت کے بغیر ڈریپ کیخلاف ایکشن لیا تو چھوڑیں گے نہیں۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے نیب نے ڈریپ کو نوٹس جاری کرنے کی جرأت کیسے کی؟ یہ عدالتی اختیار کو نیچا دکھانے کے مترادف ہے، عدالتی احکامات پر عمل کروانا جانتے ہیں۔ دیکھتے ہیں نیب والے کس طرح ہراساں کرتے ہیں۔ نیب افسر عامر مارتھ کا تحریری جواب داخل کرایا جائے، انکوائری کریں اس کے کتنے اثاثے ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین نیب نے موقف اپنایا غلط فہمی سے نوٹس جاری ہوا جو واپس لے لیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آئندہ ایسا کوئی اقدام برداشت نہیں ہو گا، چیئرمین نیب کو میری ناراضی سے آگاہ کریں۔ جعلی ادویات کا خاتمہ ہمارے ایجنڈے میں شامل ہے۔ آن لائن جعلی اور ممنوعہ ادویات فروخت کی جا رہی ہیں۔ لوگوں کی زندگی سے کھیلنے والوں کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔
سپریم کورٹ