اے ڈی پی ترقیاتی اسکیموں میں ہیلتھ اور پارکس کے شعبے کو ترجیح دی جائے، وسیم اختر
کراچی ( اسٹاف رپو رٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے محکمہ فنانس اور انجینئرنگ کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ اے ڈی پی ترقیاتی اسکیموں میں ہیلتھ اور پارکس کے شعبے کو ترجیح دی جائے، جون 2018 تک مکمل ہونے والی اسکیموں پر کام کی رفتار تیز کی جائے تاکہ چوتھی سہ ماہی کے لئے فنڈز کی بروقت ریلیز یقینی بنائی جاسکے، محکمہ انجینئرنگ پلوں کے ایکسپینشن جوائنٹس اور پیڈسٹرین برجزکی مرمت کا کام جلد از جلد مکمل کرے، ترقیاتی منصوبوں پر جاری کام کی رفتار میں کمی نہیں آنی چاہئے، ان منصوبوں کی بروقت تکمیل سے شہریوں کو سہولت ملے گی اور ان کے مسائل کم ہوں گے، یہ بات انہوں نے ترقیاتی کاموں پرعملدرآمد کی صورتحال اور اے ڈی پی اسکیموں کے لئے سہ ماہی فنڈز کی ریلیزاور مختلف محکموں میں اس کی تقسیم کا فارمولا طے کرنے کے لئے منعقد ہونے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر اصغر عباس، چیئرمین ورکس کمیٹی حسن نقوی، ڈائریکٹر جنرل ورکس شہاب انور، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ٹو میئر کراچی ایس ایم شکیب، ڈائریکٹر فنانس محمود بیگ، ڈائریکٹر فنانس (انجینئرنگ) نایاب سعید اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ ترقیاتی اسکیموں کے لئے فنڈز مختص کرتے وقت ترجیحات کا تعین کیا جائے اور ان اسکیموں کو ترجیح دی جائے جن سے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل ہوسکیں، انہوں نے محکمہ فنانس اور انجینئرنگ کے افسران کو ہدایت کی کہ اے ڈی پی اسکیموں کے حوالے سے حکومت سندھ کے متعلقہ محکموں کے ساتھ مکمل کوآرڈینیشن یقینی بنائیں اور بلاک ایلوکیشن ، سہ ماہی فنڈز ریلیز اور اضافی فنڈز کے اجراء سمیت تمام معاملات کے لئے باہمی رابطے تیز کئے جائیں تاکہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں رکاوٹ نہ ہو اور انہیں جلد ازجلد مکمل کیا جاسکے۔