72 ہزار مشکوک شناختی کارڈز کی تصدیق کا عمل مکمل نہیں ہو سکا: نادرا ذرائع

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے 2015ء کے دوران ایک لاکھ12 ہزار261 شناختی کارڈز شک کی بنیاد پر روکے،39 ہزار سے زائد شناختی کارڈز کو تصدیق کے بعد جاری کر دیا گیا، 72 ہزار663 مشکوک شناختی کارڈز کی تصدیق کا عمل تاحال مکمل نہ ہوسکا، تین سالوں میں غیرقانونی طور پر شناختی کارڈ کے اجرائ،کرپشن، ایس او پیز کی خلاف ورزی اور جعلی ڈگری پر515 ملازمین کو ملازمت سے برطرف کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ تین سالوں سے نادرا میں ڈیلی ویجز پر5681 ملازمین کام کررہے ہیں، جن کو تاحال مستقل نہیں کیا جا سکا۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ تین سالوں میں نادار سے4315 ملازمین کو نکالا گیا جن میں جعلی ڈگری اور غیرقانونی طور پر شناختی کارڈ کے اجراء میں ملوث195ملازمین بھی شامل ہیں جبکہ 294 ملازمین کو ایس اوپیز کی خلاف ورزی، 26 ملازمین کو کرپشن کی بنیاد پر، معاہدے کی میعاد مکمل ہونے پر2646،603 ملازمین نے استعفیٰ دیا جبکہ 444 ملازمین ریٹائر ہوئے۔