تفتیشی ٹیموں کو رسائی نہ دینے سے پاکستان، بھارت مذاکرات نتیجہ خیز نہ ہونے کا امکان

14 مارچ 2011
اسلام آباد(آن لائن) پاکستان اور بھارت کی جانب سے ایک دوسرے کی تفتیشی ٹیموں کو سمجھوتہ ایکسپریس بم دھماکوں اور ممبئی حملوں کے ملزمان تک رسائی نہ دینے سے رواں مہینے کی 28 تاریخ کو دہلی میں دونوں ممالک کے درمیان سیکرٹری داخلہ سطح پر ہونے والے مذاکرات کے نتیجہ خیز ہونے کے امکانات کم ہوگئے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت داخلہ نے ممبئی حملوں کے ملزمان سے بھارتی تفتیشی ٹیم کی تحقیقات کرنے کی بھارتی درخواست مسترد کردی ہے جبکہ بھارت نے سمجھوتہ ایکسپریس بم دھماکوں کے ملزمان سے براہ راست تفتیش کی پاکستان درخواست پر تاحال کوئی جواب نہیں دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان نے ممبئی حملوں کے ساتھ تعلق میں قید سات پاکستانی شہریوں سے بھارتی تفتیشی ٹیم کا پاکستان آکر تفتیش کرنے سے متعلق بھارتی درخواست مسترد کردی ہے جبکہ دفتر خارجہ کی ترجمان تہمینہ جنجوعہ نے بتایا کہ بھارتی درخواست پر فیصلہ کرنے کا اختیار وزارت داخلہ کو ہے تاہم وزارت داخلہ نے بھارتی درخواست سے متعلق اپنے کسی فیصلے سے دفتر خارجہ کو تاحال آگاہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ آج (پیر) یا منگل کو اپنا فیصلہ دفتر خارجہ کو بھجوا دے گی جسے بھارت کے حوالے کردیا جائے گا۔
امکان