وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ حکومت اداروں سے تصادم کے موڈ میں نہیں، اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں۔
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اپنی چالیس سالہ جدوجہد میں ہمیشہ ریاستی اداروں کے استحکام کے لیے کوشش کی ہے۔ حکومت اداروں میں تصادم نہیں چاہتی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عدلیہ کی آزادی کی بات کی ہے اور ان کے فیصلوں کا احترام کرتی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے امریکی نمائندہ خصوصی گراسمین سے ہونے والی ملاقات پر وزراء کو اعتماد میں لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ پر واضح کردیا ہے کہ کسی ایک فرد یا واقعہ کی وجہ سے دونوں ممالک کے تعلقات متاثرنہیں ہوسکتے۔ وزیراعظم نے جاپان میں زلزلہ اور سونامی سے بڑے پیمانے پرجانی ومالی نقصان پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ جاپان پاکستان کا بہترین دوست ہے جس نے زلزلے اور سیلاب میں بھرپور امداد کی۔ وزیراعظم نے بتایا کہ سیلاب کے دوران جاپان نے دو کروڑ ڈالر فراہم کیئے، پاکستان بھی ضرورت پڑنے پر ہرقسم کی مدد کو تیار ہے۔ کابینہ نےوفاقی وزیر ثمینہ خالد گھرکی کے مرحوم شوہر کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔