لاہور(نیوز رپورٹر)جنرل سیکرٹری پیپلزپارٹی وسطی پنجاب حسن مرتضیٰ نے وفاقی و صوبائی بجٹ پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ پر سخت تحفظات ہیں لیکن ریاست کے معاملات کو منجمد کرنے کے حق میں بھی نہیں، پیپلز پارٹی قومی اسمبلی میں اپنے جائز تحفظات پر احتجاج جمہوری طریقے سے ریکارڈ پر لائی۔ حکومت وقت کی اولین ترجیح عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے پر ہونی چاہیے تھی۔ تنخواہ دار طبقے کو ایک ہاتھ سے ریلیف دیکر دوسرے ہاتھ سے ٹیکس میں اضافہ کرکے واپس لے لیا گیا۔ زراعت کیلئے قومی سطح پہ کوئی جامع پالیسی مرتب نہیں کی گئی۔ وفاقی بجٹ میں حکومتی کفایت شعاری کے اقدامات کا اعلان بھی نہ ہو سکا۔ نوجوانوں، خواتین اور کاشتکاروں کو بجٹ میں یکساں نظر انداز کر دیا گیا۔ بجٹ عوام دوست اور غریب پرور بجٹ ہونا چاہیے تھا نہ کہ آئی ایم ایف کی مرضی کا۔ عید قربان سے پہلے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کی قربانی دیدی گئی۔ سیلز ٹیکس میں اضافے سے چینی، گھی، ادویہ سمیت سیکڑوں اشیا مہنگی ہونگی۔ وفاق کی طرح پنجاب میں بھی حکومت بجٹ پر اتحادی جماعتوں کیساتھ اعتماد کی فضا قائم کرنے میں ناکام رہی۔
بجٹ پر سخت تحفظات ،ریاستی معاملات کو منجمد کرنے کے حق میں نہیں:حسن مرتضیٰ
Jun 14, 2024