میمن برادری کی ملک کیلئے بڑی خدمات ہیں، ناصر شاہ
کراچی (نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے ہفتہ۔کے روز بانٹوا ہسپتال میں بانٹوا میمن خدمت کمیٹی کے زیر انتظام ویکسینیشن سینٹر کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر خالد لطیف ، محمد اقبال ، پیپلز پارٹی ضلع جنوبی کے صدر خلیل ہوت و دیگر بھی موجود تھے۔ سید ناصر حسین شاہ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لئے اعزاز کی بات ہے کہ آج وہ بانٹوا ہسپتال آئے ہیں، جس کا سنگ بنیاد مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح نے رکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میمن برادری کی ملک کے لئے بہت زیادہ خدمات ہیں۔ یہاں پر جو تفصیلات بتائی گئی ہیں ، آپ کا کردار اس سے کہیں زیادہ ہے۔ قیام پاکستان اور اس کے بعد میمن کمیونٹی کا ملک کی ترقی میں نمایاں خدمات رہی ہیں۔ میمن کمیونٹی نے قائد اعظم محمد علی جناح کی نیا ملک چلانے میں بھرپور معاونت کی اور میمن کمیونٹی کے کئی افراد نے قائد کو ملک چلانے کے لیے بلینک چیک پیش کئے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ویڑن ہے کہ جتنا ہو سکے لوگوں کو سہولیات فراہم کی جائیں، اس سلسلے میں اگر سول سوسائٹی قدم بڑھائے تو اس کی مکمل سپورٹ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے لیاری والوں کے لئے آنے والے بجٹ میں بڑی خوشخبری ہے بجٹ میں لیاری کے لئے خصوصی پیکیج دیا جائے گا ، تاکہ روڈ ،انفرسٹرکچر، اسپورٹس اور صحت کی سہولیات میں بہتری آئے۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص لیاری کے پانی کے مسئلے کے حل کے لیے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے انہیں وارننگ دی ہے۔ وزیر اعلی سندھ سمیت تمام کابینہ اراکین دن رات کوشاں ہیں ، صوبے میں عوام کو سہولیات کی فراہمی میں بہتری آئے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹر کو ویکسینیشن کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی سندھ حکومت آپ کی شکر گذار ہے آپ نے قومی فریضہ میں ہاتھ بٹایا ہے۔آپ کے پاس ٹرینڈ اسٹاف موجود ہے اور یہاں پر بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔