اسلام آباد: پاکستان نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں مساجد پر دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ عبادت گاہوں پر دہشت گردی کی کوئی وجہ نہیں ہوسکتی۔
ایک بیان میں ترجمان دفترخارجہ نے کابل میں وزیراکبرخان اور شیرشاہ سوری مساجد پر حملے کی مذمت کی جن میں معروف عالم دین ڈاکٹر ایاز نیازی اور مولوی عزیز اللہ موفلیح سمیت کئی نمازی شہید ہوئے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان ہرطرح کی دہشت گردی کی مذمت اور افغان عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔ ترجمان نے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔