زمین کی کمرشل بنیادوں پر فروخت سابق ایڈمنسٹریٹر کوآپریٹوسوسائٹی محمد اختر پٹھان اور یونس بلوچ کی درخواست ضمانت مسترد کردی گئی
کراچی (نوائے وقت نیوز )سندھ ہائیکورٹ میں کوآپریٹوسوسائٹی کے نام پر زمین کی کمرشل بنیادوں پر غیر قانونی فروخت کا معاملہ،عدالت نے سابق ایڈمنسٹریٹر کوآپریٹوسوسائٹی محمد اختر پٹھان اور یونس بلوچ کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ میں نیب پراسیکوٹر نے اپنے دلائل میں کہنا تھا کہ کوآپریٹو سوسائٹی ایڈمنسٹریٹر محمد اختر پٹھان اور دیگر سرکاری افسران کی ملی بھگت سے زمین کو کمرشل مقاصد کیلیے تبدیل کیا گیا،پلاٹوں کو کمرشل بنیادوں پر تبدیل کرنے کے نوٹی فیکشن پر اختر پٹھان کے دستخط موجود ہیں،ملزم کے خلاف کئی گواہوں نے بیانات قلمبند کرائے ہیں،اختر پٹھان اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائر ہوچکا ہے، ملزمان کے وکیل کا کہنا تھا کہ فائل پر اختر پٹھان کے دستخط موجود ہیں لیکن پلاٹس اس نے منتقل نہیں کیے،ملزم اختر پٹھان کو عبوری ضمانت منسوخ ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا۔