یو کے اوپن چیمپیٔن شپ میں پاکستان کے ترتیب یافتہ طلباء کی شاندار کامیابی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)برطانیہ میں ورلڈ میموری سپورٹس کونسل کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی 2019کی یو کے اوپن چیمپیٔن شپ میں انسٹیٹیوٹ آف ہیومن میموری ڈیولپمنٹ پاکستان کے ترتیب یافتہ طلباء نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے یوکے چیمپیٔن شپ2019میں فتح حاصل کر لی۔تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے شہر لندن میں منعقد ہونیوالے تعلیمی، معلوماتی اور ذہانت پر مبنی منفرد مقابلے سپیڈ ریڈنگ، مائند میپنگ اور میموری ڈویلپمنٹ پر مشتمل تھے، ان مقابلوں میں پاکستانی ٹیم نے مجموعی طو پر 3گولڈ، 2سلور اور ایک برونز میڈل جیت کر چیمپین شپ میں شاندار کامیابی حاصل کی ، یو کے چیمپین شپ میں شریک پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے کسا زہرا ، نبیل حسن اور ثانیہ عالم نے دنیا بھر سے مقابلے میں شریک اپنے حریف مد مقابل ٹیموں پر فتح حاصل کی ، کسا زہرا نے مقابلے میں گولڈ میڈل اور سلور میڈل کے ساتھ ساتھ گولڈ پوزیشن حاصل کی جبکہ نبیل حسن مجموعی طور پر برو نز میڈل کے ساتھ گولڈ پوزیشن لے کر یوکے اوپن جونیئر چیمپین 2019قرار پائے علاوہ ازیں پاکستان میں سپر لرننگ ایکسپرٹ ثانیہ عالم نے شاندار کارکر دگی دکھاتے ہوئے لیول 3 آربیٹرحاصل کر لیا۔دنیا کے مختلف ممالک میں ذہنی تدریس پر مشتمل اس کھیل کو مقبولیت حاصل ہو رہی ہے ، پاکستان میں عام کھیلوں کرکٹ، ہاکی، فٹبال وغیرہ کے مقابلہ میں یہ کھیل قدرے نیا ہے لیکن طلباء کی ذہنی نشوونما اور صلاحیتوں کے استعمال میں انتہائی مثبت اور معاون ہونے کے باعث اس کھیل کے پاکستان میں مقبولِ عام ہونے کی خاطر خواہ مواقع موجودہیں جس سے پاکستان میں مثبت سوچ و فکر اور ذہین نئی نسل تیار ہو رہی ہے جو مستقبل میں پاکستان کے لیے خوش آئند ثابت ہو سکتی ہے ، اس ضمن میں پاکستان میںاولین ادارہ انسٹیٹیوٹ آف ہیومن میموری ڈویلپمنٹ پاکستان کا قیام چند برس قبل عمل میں آیا اور اب یہ ادارہ کامیابی سے طلباء کی تربیت میں مصروف عمل ہے ۔