پنجاب اسمبلی آمد پر استقبال، ہم سب جیل میں ،عمران اب کچھ کرکے دکھائیں: حمزہ
لاہور (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کا خانہ عقل سے خالی ہے، ڈالر کی قیمت گر رہی ہے جبکہ مارکیٹ بھی گراوٹ کا شکار ہے۔ معیشت کی بہتری کیلئے عقل اور وژن کی ضرورت ہے۔ حمزہ شہباز شریف نے پروڈکشن آرڈری جاری ہونے پر پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی۔ قبل ازیں نیب ٹیم حمزہ شہباز کو لیکر پنجاب اسمبلی پہنچی۔ ارکان کی جانب سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ اور ان کے حق میں نعرے بازی بھی کی گئی۔ میڈیا سے گفتگو میں حمزہ نے کہا کہ میرے خلاف کچھ ثابت ہو تو سیاست چھوڑ دوں گا، ہم سب جیل میں ہیں اب تو عمران خان کچھ کرکے دکھائیں۔ انسان کو ہر حال میں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہئے۔ حالات کا شکوہ کمزور لوگ کرتے ہیں۔ عوام سے وعدہ ہے کہ جب تک سیاست کروں گا ایمانداری سے کروں گا۔ مجھے اپنی فکر نہیں معیشت کی کشتی ڈوب رہی ہے، قرضوں کا بوجھ بڑھ رہا ہے، آنے والے ہفتے اور مہینے مشکل بن کر عوام پر گریں گے۔ یاد رہے پنجاب اسمبلی میں بجٹ اجلاس میں شرکت کیلئے سپیکر پرویز الٰہی نے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے پروڈکشن آرڈری جاری کئے تھے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ پروڈکشن آرڈر آصف زرداری کا حق ہے۔