جنت البقیع اور جنت المعلیٰ مراکز انوارتجلیات ہیں:اشرف آصف جلالی
لاہور ( سپیشل رپورٹر) تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام یوم جنت البقیع کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم و تحریک صراط مستقیم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا: جنت البقیع، مھد الاولیاء اور روضۃ الصالحین ہے ۔ صالحین کے مراقد کی زیارت اور حصول برکت پر چودہ صدیوں میں امت کا اجماع رہا ۔مشاہیرِ اسلام کے مزارات پر عقیدت مندوں کے ہجوم سے اسلام دشمن قوتوں کے حوصلے پست ہوتے ہیں ۔سرور کائنات حضرت محمدمصطفیؐ کی صاحبزادیوں، پھوپھیوں ،آل رسولؐاور اصحاب رسولؐ کی عظیم شخصیات کا مدفن ہونے کے لحاظ سے جنت البقیع منبع برکات اور مرکز انوارو تجلیات ہے۔مزارات صحابہ و اہل بیتؓ کے مسئلے کو’’ کفر اسلام ‘‘کا مسئلہ بنا دینامگرقطعی محرّمات و ممنوعات کے رواج پر نرم گوشہ اختیار کرنا سمجھ سے بالا تر ہے۔ یومِ جنت البقیع کے موقع پر جنت البقیع اور جنت المعلی میں آرام فرما مشاہیرِ اسلام کی ارواح کو ملک بھر میں ایصال ثواب کیا گیا ۔اس میں کوئی شک نہیں کہ قبورِ صالحین کا طواف ناجائز، ان کو سجدہ تعظیمی حرام اور سجدہ عبادت کفر ہے مگر اس کی آڑ میں صالحین کی قبور کے پاس بیٹھنے، قرآن مجید کی تلاوت کرنے اور ان سے فیضیاب ہونے پر بھی پا بندی لگا دینا ہر گز روا نہیں ہے۔قبور صالحین سے توسل اوردعاؤں کی قبولیت کیلئے وہاں حاضری ہر صدی کے آئمہ دین سے ثابت ہے ۔ دریں اثنا ء ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے سعودی ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کے میزائل حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاسرزمین حرمین شریفین امت مسلمہ کیلئے جان و دل کی حیثیت رکھتی ہے ایک گھناؤنی سازش کے تحت سرزمین حرمین شریفین میں بیرونی جنگ کو کھینچ کر داخل کیا جارہا ہے۔یمن کے حوثی باغی اور ان کی پشت پناہی کرنے والے ہوش کے ناخن لیں ۔وہ سرزمین جہاں امت مسلمہ کو پٹاخے کا چلنا بھی برداشت نہیں حوثیوں نے وہاں میزائل چلانے شروع کر رکھے ہیں۔سعودی عرب اور ایران امریکہ کی سازش کو سمجھیں اور اپنے معاملات کو مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر خود حل کر لیں اور ہر گز امریکہ کو گھسنے کا موقع نہ دیں۔