پاکستان میں شوال کا چاند نظر نہ آسکا ، عیدالفطر عید بروز ہفتہ کوہوگی جبکہ امریکہ ، سعودی عرب ملائیشیا ، ترکی ، متحدہ عرب امارات ، ہانگ کانگ میں عید جمعہ کو منائی جائے گی ۔ تفصیلات کے مطابق ماہ شوال کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس کراچی میں مفتی منیب الرحمان کی صدارت میں ہواجس میں ماہ شوال 1439 ہجری کا چاند نظر آنے یا نہ آنے سے متعلق شہادتوں کا جائزہ لیا گیا۔کراچی کے علاوہ دیگر صوبائی اور ضلعی علاقوں میں رویت ہلال کی کمیٹیوں کا اجلاس متعلقہ دفاتر میں منعقد ہوئے جہاں علما کرام کی موجودگی میں شہادتیں جمع کرنے کے لیے کنٹرول روم بھی قائم کیے گئے اور موصول ہونے والی شہادتوں کو مرکزی کابینہ کی طرف بھیجا گیا۔مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں ماہرین فلکیات، نیوی افسران سمیت وزارت مذہبی امور کے نمائندے اور رویت ہلال کمیٹی کے دیگر اراکین بھی موجود تھے ۔ریسرچ ہلال کونسل نے بھی چاند نظر آنے کے کم امکانات ظاہر کیے جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شوال کے چاندکی پیدائش14جون رات 12بجے ہوئی اور شام تک اس کی عمر 19گھنٹے 3منٹ تھی ۔ شہر قائد کا مطلع جزوی ابر آلود اور صاف ہے جس میں چاند آسانی کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے، غروب آفتاب کے بعد چاند دیکھنے کا دورانیہ 39 منٹ تھا ۔ملک کے کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی، زونل کمیٹیوں کی جانب سے شہادتیں نہ ملنے کی اطلاع مرکزی رویت ہلال کمیٹی پہنچائی گئی جبکہ کراچی میں بھی چاند نظر نہیں آیا۔اجلاس کے اختتا م پر چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا کہ شوال المکرم 1439ہجری کا چاند نظر آنے کے حوالے سے کوئی شہادت موصول نہ ہوئی اس لئے (کل ) تیسواں روزہ ہوگا اور عید کل بروز ہفتہ 16جون کو منائی جائے گی ۔دوسری جانب خلیجی ممالک متحدہ عرب امارات ، سعودی عرب ،ملائیشیا ، ترکی ، ہانگ کانگ، انڈونیشیا ، جاپان، امریکا سمیت مختلف ممالک میں شوال کا چاند نظر آگیا جس کے بعد وہاں آج مسلمان مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ عید الفطر منائیں گے ، متحدہ عرب امارات کے مرکز فلکیات نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دوپہر میں ہی چاند دیکھ لیا تھا ۔ علاوہ ازیں پڑوسی ملک بھارت میں چاند نظر نہ آنے کا اعلان کردیا گیا جس کے بعد وہاں عید 16 جون کو منائی جائے گی۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024