کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس،ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب مالکان بورڈ کے سامنے پیش
اسلام آباد(وقائع نگار)چیف کمشنر اسلام آباد /چیئر مین آئی سی ٹی کوالٹی کنٹرول بورڈ ، آفتاب اکبر درانی کی زیر صدارت کوالٹی کنٹرول بورڈ کا 46واں اجلاس منعقد ہواء ۔ اجلاس میں ڈرگ ایکٹ 1976کی خلاف ورزی کے مرتکب 15 کیس کوالٹی کنٹرول بورڈ کے سامنے پیش کئے گئے ۔ ڈرگ انسپکٹر سردار شبیر احمد نے بتایاکہ گزشتہ دنوں اسلام آباد کے دیہی و شہری علاقوں میں انسپکشن کے دوران ان 15 کلینکس ، میڈیکل اسٹورز کو ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا جس پر ان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی گئی ہے ۔ اجلاس میں آئی سی ٹی کوالٹی کنٹرول بورڈ نے جن کلینکس اور میڈیکل اسٹور ز کے خلاف کاروائی ہوئی ان کو شنوائی کا موقع دیا ۔ بعدا زاں اسلام آباد کوالٹی کنٹرول بورڈ نے ڈرگ قوانین کی خلاف ورزی پر ان کلینکس اور میڈیکل اسٹورز کے خلاف قانونی کاروائی کی منظوری دی ۔ جن کے خلاف قانونی کاروائی کی منظوری دی گئی ہے ان میں ہارون میڈیکل اسٹور، روات جس میں فارماسسٹ موجود نہیں تھااور سیل و پرچیز بغیر وارنٹی ہو رہی تھی ۔ اویس میڈیکل اسٹور ، خٹک میڈیکل اسٹور، بے نظیر چوک، رحمان میڈیکل اسٹورروات ، شفا میڈیکوز ، جمیل میڈیکل اسٹور ، عادل میڈیکل اسٹور ، اعوان پراپرٹی ، میڈیکل اسٹور ، چائینز جنرل ہسپتال آئی ایٹ ، المارودی کلینک ، شاہ جی ہسپتال ، جدون میڈیکل سنٹر ، سید برادر وٹرنری کلینک ، صبا کلینک ، بدر کلینک شامل ہیں۔ ان میں سے بعض کلینکس بغیر کوالیفائیڈ ڈاکٹر کے عطائی ڈاکٹر چلا رہے تھے ۔بعض میڈیکل اسٹور ز بغیر فارماسسٹ اور بغیر ڈرگ سیل لائیسنس چل رہے تھے۔ بعض نے سیل پرچیز ریکارڈ مینٹین نہیں کیا تھا ۔ بعض نے بغیر رجسٹرڈ ادویات رکھی ہوئی تھیں ۔