عید کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل،خواتین خریداری میںمصروف
اسلام آباد(جنرل رپورٹر)عید الفطر کی تیاریاںآخری مراحل میں داخل ، بچے اور خواتین اپنے لئے خوبصورت لباس، جوتے، کاسمیٹکس اور عید کی دیگر خریداری میں مصروف۔ عید الفطر کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں بالخصوص بچے اور خواتین اپنے لئے خوبصورت لباس، جوتے، کاسمیٹکس اور عید کی دیگر خریداری میں مصروف ہیں۔ راولپنڈی/اسلام آباد کے مختلف بازاروں میں عید کے اسٹالز سجنا شروع ہو گئے ہیں جہاں بچوں اور بڑوں کے کپڑے فروخت کے لئے لگائے گئے ہیں۔ ایک فلاحی کارکن نے کہا کہ ہمارا دین سادگی کی تلقین کرتا ہے اور ہمیں موجودہ حالات میں سادگی کے ساتھ عید منانی چاہئے اور بالخصوص آئی ڈیپیز کے لئے مدد کی کوشش کرنی چاہئے جو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔ ایک دکاندار نے کہا کہ عید کے دنوں میں خریداری میں اضافہ ہو جاتا ہے اور ہم بہترین گارمنٹس فروخت کر کے اپنے لئے آمدن کا ذریعہ بناتے ہیں۔