پاکستان معجزہ خداوندی جسے دنیا کی کوئی طاقت نقصان نہیں پہنچا سکتی، شجاعت بخاری
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید شجاعت علی بخاری نے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان معجزہ خداوندی ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت نقصان نہیں پہنچا سکتی، دہشتگردی کیخلاف جاری پاک فوج کے آپریشن ردالفساد کی جلد کامیابی کیلئے سیاستدانوں سمیت تمام طبقات کالعدم گروپوں سے عملی بیزاری کریں اور آمدہ عام انتخابات میں انکے ساتھ سیاسی اتحا د سازی سے اجتناب کیا جائے ۔ یہ بات انہوں نے ٹی این ایف جے ضلع اسلام آباد کے زیر اہتمام المرتضیٰ ہال میں پیغام رمضان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔شجاعت بخاری نے باور کرایا کہ ماہ صیام کی برکتوں سے فیضیاب ہونا خوش نصیبی کی بات ہے کیونکہ اس ماہ مقدس میں کی جانے والی عبادتوں کا ثواب کئی گنا زیادہ ہوتا ہے ۔ انہوں نے یہ بات زور دیکر کر کہی کہ مملکت خدادا پاکستان کا قیام 27رمضان المبارک کو عمل میں آیا ۔کانفرنس سے ٹی این ایف جے ضلع اسلام آبا د کے صدر علامہ بشارت حسین امامی، علامہ فصاحت گردیزی، علامہ فخر عابدی، پروفیسرغلام عباس حیدری اور نعیم کاظمی نے بھی خطاب کیا ۔