راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عیدالفطر کیلئے صفائی پلان کو حتمی شکل دیدی
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عیدالفطر کیلئے صفائی پلان کو حتمی شکل دیدی،چاند رات اور عید کے تینوں دن شہر کی صفائی کیلئے ورکرزکو خصوصی ڈیوٹیاں تفویض کر دی گئیں ہیں،عیدگاہوں،مساجد،اور قبرستانوں کے اطراف میںخصوصی صفائی کی جائیگی اور چونا پھینکا جائیگا۔ صفائی کے حوالے سے شہریوں کی شکایات موصول ہوئیں تو ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی مئیر کا انتباہ ۔ بدھ کو چیئرمین راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میئر راولپنڈی سردار محمد نسیم خان کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا ،جسمیں ایم ڈی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر رضوان علی شیر دل اور البائراک کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی،سینئر مینیجر آپریشنزآر ڈبلیو ایم سی ڈاکٹر حامداقبال نے اجلاس کو عیدالفطرکے صفائی پلان بارے بتایا کہ راولپنڈی کی تمام مارکیٹوں،بازاروں ،مساجد ،عیدگاہوں اور قبرستان کے اطراف میں خصوصی صفائی کی مہم شروع کر دی گئی ہے،سڑکوں کی مکینیکل سوئیپنگ اور واشنگ کی جائیگی،قبرستان ،مساجد ،عید گاہوں ،سڑکوں،چوکوں اور بازاروں میں چوناپھینکا جائیگا،چاند رات میں مارکیٹوں اور بازاروں میں ورکرز کی خصوصی ڈیوٹیاں لگائی جائینگی،مارکیٹوں کے بند ہونے کے بعد صفائی کر کے فوری طور پر عید نماز سے قبل تما م کوڑا اٹھا لیا جائیگا، اسی طرح شہر میں بھی تمام کوڑا کرکٹ عید نماز سے قبل اٹھا لیا جائیگا۔مساجد اور عید گاہوں کی خصوصی صفائی کی جائیگی،سینیٹری ورکرز وہاں موجود رہیں گے،سڑکوں کو دھویا جائیگااور عرق گلاب کا چھڑکائو کیا جائیگا،سردار محمد نسیم خان نے سینئرمینیجر آپریشنز کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے ہر خاص دن ،تہوار کے موقع پر صفائی کا اعلیٰ معیار قائم کیا ہے،اس عید الفطر پر بھی آپ سے اسی بہترین کارکردگی کی توقع کی جاتی ہے،خوشی کے اس تہوار پر شہر کو بھرپور طریقے سے صاف کیا جائے تاکہ شہری صاف ستھرے ماحول میں خوشیاں منا سکیں،عید پر شہر میں کہیں بھی گندگی ،کوڑا کرکٹ نظر نہیں آنا چاہئے،اگر اس حوالے سے شہریوں کی شکایات موصول ہوئیں تو زمہ داروں کیخلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔