جمیل ہاشمی کی سزا ختم کی جائے‘ انجم حفیظ قریشی چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) ممتاز مذہبی و سماجی شخصیت اور رفیق حجاج کمیٹی کے صدر میاں انجم حفیظ قریشی‘ نائب صدر بابو عمران قریشی اور قاضی مسعود نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس مسٹر جسٹس ثاقب نثار سے اپیل کی ہے کہ اسلام آباد کے ایس پی جمیل ہاشمی کی سزا خالصتاً انسانی ہمدردی کے تحت ختم کر دیں اور انہیں باعزت طور پر رہا کر دیں۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ جمیل ہاشمی نے اپنے 33 سال دور ملازمت میں انتہائی فرض شناسی محنت اور دیانت داری سے محکمہ پولیس میں اپنی خدمات انجام دی ہیں۔ جمیل ہاشمی کا سرکاری ملازمت کے علاوہ ایک ایسے دینی خاندان سے تعلق ہے جس نے 400 سال قبل مدینہ منورہ سے ہجرت کرکے برصغیر میں دین اسلام کی ترویج کیلئے کام کیا۔ برصغیر میں لوگوں کو مسلمان کیا۔ ان کے مزارات راولپنڈی اور اس کے گردونواح میں موجود ہیں۔ جمیل ہاشمی خود بھی مذہبی شخصیت کے مالک ہیں اور سجادہ نشین بھی ہیں۔ وہ قطعی بے گناہ ہیں۔ انہوں نے سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کے ساتھ کوئی گستاخی یا ان کی کوئی توہین نہیں کی ہے۔