ملتان میں 2 دہشتگرد گرفتار، باجوڑ میں بڑی تباہی کا منصوبہ ناکام
ملتان (کرائم رپوٹر) سی ٹی ڈی نے عید کے موقع پر ملتان میں تباہی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا جن کے قبضہ سے ہینڈ گرنیڈ و اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی حکام کو اطلاع ملی کہ کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد بختیار احمد اور محمد یوسف بوسن روڈ پر موجود ہیں اور اہم مقامات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس پر سی ٹی ڈی کی خصوصی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا جن کے قبضہ سے دستی بم اسلحہ و بارودی مواد برآمد ہوا۔ سی ٹی ڈی حکام نے ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
باجوڑ(آئی این پی) باجوڑ میں خفیہ اداروں اور ایف سی جوانوں نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کر کے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو باجوڑ میں خفیہ اداروں اور ایف سی کے جوانوںنے تحصیل ماموند کے گاؤں گبری میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران اسلحے کی بڑی کھیپ برآمد کر لی ہے۔ذرائع ایف سی کے مطابق خفیہ کارروائی میں راکٹ لانچر، ریموٹ کنٹرول بم، دستی بم، بم بنانے کا سامان اور بڑی مقدار میں کارتوس اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ایف سی کے مطابق اسلحہ تخریب کاری میں استعمال ہونا تھا۔ پکڑے گئے ریموٹ کنٹرول بم کو موقعہ پر ناکارہ بنادیئے گئے ہیں۔اس موقع پر کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی ۔