علامہ اقبال ائرپورٹ پر مشکوک شخص کی گرفتاری، پی آئی اے کے 3 ملازم بھی شامل تفتیش
لاہور (خبر نگار) علامہ اقبال ائر پورٹ پر مشکوک شخص کی گرفتاری کے بعد تفتیش کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے پی آئی اے کے تین ملازمین کو بھی شامل تفتیش کر لیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ دو روز قبل ائر پورٹ پر اے ایس ایف اہلکاروں نے پی آئی اے کی کیٹرنگ گاڑی سے جوڑے پل کے رہائشی بابر کو گرفتارکیا تھا جس کے حوالے سے پی آئی اے نے بھی لاعلمی کا اظہار کیا۔ گرفتاری کے کچھ گھنٹے تک اس شخص نے چپ سادھے رکھی۔ اے ایس ایف نے بابر کے گھر سے اس کے بھائی کو بلایا تو معلوم ہوا کہ اس شخص کا اپنی بیوی سے جھگڑا چل رہا تھا والدین بھی عرصہ قبل فوت ہوچکے ہیں۔ اس کی مشکوک حرکات کے باعث اے ایس ایف نے دو روز سے اسے اپنے پاس تفتیش کے لیے رکھا ہے اور تحقیقات کا دائرہ مزید بڑھا دیا ہے۔ اے ایس ایف حکام نے ائر پورٹ کے داخلی خارجی راستوں پر سکیورٹی مزید سخت کرد ی ہے اور ائر پورٹ آنے والے مسافروں کو اصل سفری دستاویزات کی چیکنگ کے بعد داخلے کی اجازت دی جارہی ہے اور مسافروں کے ساتھ ایک ہی شخص کو داخلے کی اجازت ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے نیم ذہنی معذور شخص کی مشکوک حرکات پر تفتیش کو مزید آگے بڑھایا گیا ہے۔