سرگودھا : ڈمپر اور مسافر کوچ میں خوفناک تصادم ، 8افراد جاں بحق ، 30زخمی
حیدرآباد ٹاؤن (آن لائن)سرگودھا کے نواحی چک 84 شمالی کے قریب تیزرفتار مسافر کوچ اور ڈمپر کے درمیان خوفناک تصادم میں 8مسافر جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ ڈمپر اور بس کے ٹکرانے سے دھماکہ کی آواز دور تک سنائی دی گئی، مسافروں کو گاڑی کی باڈی کاٹ کر نکالا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مسافر کوچ مسافروں کو لیکر براستہ سرگودھا منڈی بہاؤالدین سے ملتان جا رہی تھی کہ 84 شمالی موڑ کے قریب مخالف سمت سے آنے والے تیر رفتار ڈمپر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے۔ حادثے کے باعث روڈ مکمل طور پر بلاک ہوگیا۔ تھانہ صدر سرگودھا کے ایس ایچ او محمدیوسف کے مطابق مرنیوالے 8 افراد میں سے ایک نامعلوم شخص کی شناخت نہیں ہو سکی جبکہ تیس زخمیوں میں سے تین افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس کے مطابق ٹریفک کا یہ خوفناک حادثہ ڈمپر اور مسافربس دونوں کے ڈرائیوروں کی غفلت لاپرواہی اور تیزرفتاری کے باعث پیش آیا۔ علاوہ ازیں لاشیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں اور زخمی افراد کو طبی امداد کے لئے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا منتقل کر دیا گیا۔