بلا ول بھٹو کی سیکیو رٹی سے متعلق رپورٹ بے بنیا د ہے ، بلا ول ہا ئو س کا ردعمل
کراچی (اسٹاف رپو رٹر) میڈیا سیل، بلاول ہاوَس نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سکیورٹی کے متعلق میڈیا کے ایک حصے میں نشر ہونے والی اس رپورٹ کو بے بنیاد اور متعصبانہ و مبالغہ آرائی پر مبنی قرار دیا ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ پی پی پی چیئرمین کی لاڑکانہ میں رٹرننگ افسر کی آفس میں آمد کے موقعے پر 400 اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔ اپنے ردعمل میں میڈیا سیل بلاول ہائوس نے کہا کہ میڈیا کا ایک حصہ حقائق و سچائی کو مسخ کرکے مخالفین کی ایماء پر پروپیگنڈہ کر رہا ہے بیان میں نشاندھی کرتے ہوئے کہا گیا کہ 2007ع میں بھی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سکیورٹی کمرومائیز کی گئی تھی۔ بلاول بھٹو زرداری ملک کی سب سے بڑی پارٹی و عوام کے مقبول ترین لیڈر ہیں، ان کی حفاظت حکومتِ وقت کی ذمیداری ہے۔ بلاول بھٹو زرداری سمیت تمام سیاسی قیادت کی حفاظت کے لیئے پولیس و دیگر اداروں کو آزادی سے کام کرنے دیا جائے۔ میڈیا سیل نے اپنے بیان میں زور دیا کہ ملک میں انتخابات کے موقعے پر قوم میڈیا سے اس کے تاریخی غیرجانبدارانہ و ذمیدارانہ کردار کی متقاضی ہے۔