کنٹرول لائن پر پاکستانی رینجرز کی فائرنگ سے 4اہلکار مارے گئے: بھارتی فوج کا الزام
جموں (صباح نیوز) بھارتی فوج نے الزام عائدکیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی کنٹرول لائن پر اس کی فائرنگ کے نتیجے میں چار بھارتی فوجی ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ کشمیر کے ضلع سانبہ میں کنٹرول لائن کے رام گڑھ سیکٹر میں پاکستان کی طرف سے داغے گئے مارٹر گولوں کی وجہ سے ایک افسر سمیت بارڈر سیکورٹی فورس کے چار اہلکار ہلاک جبکہ پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔بی ایس ایف ذرائع کے مطابق پاکستانی رینجرز نے بدھ کو رام گڑھ علاقے میں بابا چمیلیال کو نشانہ بنایا جس میں تین جونیئر آفیسر اور ایک کانسٹیبل ہلاک ہو گئے جبکہ زخمی فوجیوں کو جموں شہر میں ستواری میں فوجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔