فیروزہ: عباسیہ لنک کینال میں 50 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا‘ سینکڑوں ایکڑ پر فصلیں زیر آب
فیروزہ (صباح نیوز) عباسیہ لنک کینال میں چک 73 اے کے جنوب کی طرف سے 50 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا، شگاف سے اردگردمیں کھڑی فصلیں جس میں کپاس گنا اوردیگرفصلیں شامل ہیں، زیر آب آگئیں اس میں ایک پولٹری فارم بھی شامل ہے جو پانی کی زد میں آگیا،نہرکی شمال کی طرف سیم کیوجہ سے بڑی آبادی تباہی سے بچ گئی سیم نالہ پانی روکنے میں بڑامددگار ثابت ہوا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو اور محکمہ انہار کے حکام اور پولیس بھی پہنچ گئی، ہیڈ قاسم والہ سے عباسیہ لنک کینال کو بندکروا کر امدای کارروائیاں شروع کردی گئیں، بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز نہر کی صفائی کی گئی اورایکسیویٹرسے مٹی اورجھاڑیاں وغیرہ نکالی گئیں جس سے نہر کے پشتے کمزور ہو گئے اور پانی آتے ہی پشتے ٹوٹ گئے۔