وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال کو فوری فعال کیا جائے: جواد ساجد خان
لاہور(کامرس رپورٹر)وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جواد ساجد خان نے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کو ہدایت کی ہے کہ وزیر آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو مکمل طور پر فنکشنل کرنے ، کارڈیک سرجریز شروع کرنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں اور WICمیں ایمرجنسی سہولیات کا بھی فوری اجراء کیا جائے-انہوں نے یہ بات گزشتہ روز محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کی جانب سے محکمانہ بریفنگ کے دوران کہی - سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے وزیر صحت ڈاکٹر جواد ساجد خان کو محکمہ کی کارکردگی اور ہونے والے ترقیاتی کاموں بارے بریفنگ دی- اس موقع پر سپیشل سیکرٹری ہیلتھ (ایڈمن) ثاقب منان، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ عثمان معظم اور پروفیسر محمود شوکت بھی موجودتھے- نجم احمد شاہ نے وزیر صحت کو بتایا کہ ٹرشری کیئر ہسپتالوں اور سپیشلائزڈ انسٹیٹیوشنز میں پانچ سال میں پانچ ہزار بیڈز کا اضافہ کیا گیا ہے جس میں سے تین ہزار بیڈز دوبرسوں کے دوران شامل کئے گئے ہیں- 12بڑے پراجیکٹس 26ارب روپے کی خطیر رقم سے دو برسوں میں مکمل کئے گئے جن میںمیوہسپتال کا سرجیکل ٹاور بھی شامل ہے جو پوری طرح فنکشنل ہوچکا ہے- نجم احمد شاہ نے بتایا کہ وزیر آبادانسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے آپریشن تھیٹرز مکمل ہوچکے ہیں تمام میڈیکل آلات اور مشینری نصب کی جاچکی ہے اور پروفیسر آف کارڈیک سرجری بھی تعینات کردیا گیا ہے اور آئندہ ایک دو ہفتوں میں دل کے بائی پاس آپریشنوں کا آغاز کردیا جائے گا۔