امریکہ اپنی سکیورٹی ذمہ داریوں پر مضبوطی کے ساتھ قائم ہے: پینٹا گون
واشنگٹن (این این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جزیرہ نما کوریا میں فوجی مشقیں منسوخ کرنے کے بعد پینٹاگون نے اتحادی ممالک کو یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ اپنی سکیورٹی ذمہ داریوں پر مضبوطی کے ساتھ قائم ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اْن سے منگل کے روز ایک تاریخی ملاقات کے بعد صدر ٹرمپ نے جنوبی کوریا کے ساتھ مل کر امریکی فوجی مشقیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔اس اقدام کو شمالی کوریا کی کامیابی تصور کیا جا رہا ہے ٗ امریکی اتحادیوں کے لیے یہ بیان حیران کن ہے۔مذاکرات کے بعد منظر عام پر آنے والے کم جونگ اْن کے پہلے بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ ایک دوسرے کے خلاف دشمنانہ اقدامات کو فوری روکنا ہوگا۔ٹرمپ کم ملاقات سے ایک روز قبل امریکہ کے سیکرٹری دفاع جم میٹس نے ذرائع ابلاغ کو بتایا تھا کہ اْن کے خیال میں فوجیوں پر بات چیت ایجنڈا میں شامل نہیں ہے ٗجب اْن سے پوچھا گیا کہ کیا اس پر بات چیت کے بارے میں انھیں معلوم ہے تو انھوں نے کہا کہ ’جی، میں جانتا ہوں۔اگرچہ پینٹاگون نے جم میٹس کے بیان کو مسترد کیا ہے۔ پنٹاگون کے ترجمان ڈانا وائٹ کا کہنا ہے کہ اْن سے پہلے مشورہ کیا گیا تھا۔بی بی سی کو دیے گئے جواب میں انھوں نے کہا کہ ہمارے اتحادی ہمارے لیے بہت اہم ہیں اور ہم نے انہیں خطے میں امن و استحکام کی یقین دہائی کروائی ہے۔