سکاٹ لینڈ کو84 رنزسے شکست پاکستان کا ٹی 20 سیریز میں کلین سویپ
لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) پاکستان نے سکا ٹ لینڈ کو دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں84رنز سے ہراکر دو میچوں کی سیریز دو صفر سے جیت لی ۔ گرین شرٹس کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں6وکٹوں کے نقصان پر 166رنز بنائے ۔ شعیب ملک نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 22گیندوں پر ناقابل شکست 49رنز بنائے ۔ ان کی اننگز میں 5چھکے بھی شامل تھے ۔ فخر زمان 33‘احمد شہزاد 24‘حسین طلعت 17‘سرفراز احمد 14‘آصف علی صفر ‘شاداب خان 17رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ فہیم اشرف صفر پر ناٹ آئوٹ رہے ۔ لیسک نے تین ‘سول نے دو جبکہ واٹ نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ۔ 167رنز کے تعاقب میں سکاٹش ٹیم آغاز سے مشکلات کا شکار ہو گئی جب عثمان خان شنواری نے پہلے ہی اوور میں میونسے کو صفر پر کیچ آئوٹ کر ا دیا ۔ بعد میں آنے والے کھلاڑی بھی وقفے وقفے سے آئوٹ ہوتے رہے ۔ کپتان کوئٹزر ایک ‘برنگٹن بیس ‘مکلیوڈ پچیس ‘لیسک نو ‘کراس پانچ ‘شریف دس ‘واٹ ایک‘ایوانز صفر‘بج چار رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ سول چار رنز پر ناٹ آئوٹ رہے‘میزبان ٹیم 14.4اوورز میں 82رنز بناکر آئوٹ ہو گئی ۔ فہیم اشرف نے پانچ رنز کے عوض تین ‘عثمان خان شنواری چار رنز کے عوض دو ‘شاداب خان اور محمد نواز نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ۔ عثمان خان شنواری کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔پاکستان نے سکاٹ لینڈ کو پہلے میچ میں 48رنز سے ہر ایا تھا۔ قومی ٹیم دورہ انگلینڈ اور سکاٹ لینڈ کے بعد کل وطن واپس پہنچے گی اور عید اپنے ملک میں منائے گی ۔