فٹبال ورلڈکپ 2026ء میزبانی امریکہ ، میکسیکو، کینیڈا نے جیت لی
لاہور(سپورٹس ڈیسک) 2026 فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا نے مشترکہ طور پر جیت لی۔ فیفا کے 203 ممبران نے شمالی امریکن بڈ کو شرف قبولیت بخش دیا، ان کی مشترکہ بڈ کو 134 ووٹ ملے،65 ممبران نے مراکش کے حق میں رائے دی۔ 1994 میں امریکہ نے ورلڈ کپ کی میزبانی کے فرائض نبھائے تھے،کانگریس میں شریک وفود کو ووٹنگ میں واضح چوائس حاصل تھی، 8 برس بعد شیڈول ایونٹ میں ٹیموں کی تعداد 32 سے بڑھاکر 48 کیے جانے کا پہلے ہی اعلان کیا جاچکا ہے۔اس سے قبل فیفا انسپکٹرز نے مراکش کے سٹیڈیمز، رہائشی سہولیات اور ٹرانسپورٹ نظام کو ’ ہائی رسک ‘ سمجھتے ہوئے ’ کلاسیفائیڈ ‘ قرار دیا تھا، انھوں نے جائزہ رپورٹ میں 5 میں سے مراکش کو 2.7 پوائنٹس ایوارڈ کیے تھے اس کے برعکس مشترکہ بڈ کو فیفا انسپکٹرز نے 5 میں سے 4 نمبر دیے تھے۔واضح رہے کہ 2022 کے ایڈیشن کی میزبانی قطر کو پہلے ہی سونپی جاچکی ہے۔