پوری دنیا کی نظریں الیکشن پر‘ شفافیت کو یقینی بنایا جائیگا : حسن عسکری
لاہور (خصوصی رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ حسن عسکری نے کہا ہے کہ نگران حکومت آئینی تقاضوںکے مطابق منصفانہ، آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے گی اور ہم اس قومی ذمہ داری سے بطریق احسن عہدہ برآ ہونے کے لئے صدق دل سے کوشاں ہیں۔ انشاءاللہ قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے اورحقیقی نمائندہ حکومت کے قیام میں بھرپور مدد دیں گے جو عوام کے حق رائے دہی کے اظہار کے بعد معرض وجود میں آئے گی تاکہ مستقبل میں بھی جمہوریت کا تسلسل جاری و ساری رہے۔ پنجاب کی انتظامیہ کو انتخابات کے پُرامن انعقاد کے لئے آئینی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کرنے کی واضح ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ نگران حکومت پوری کمٹمنٹ کے ساتھ اپنے مینڈیٹ پر عمل پیرا ہے اور وہ تمام آئینی اقدامات بروئے کار لائیں گے جو پرامن او ر منصفانہ انتخابات کی بنیاد ہیں۔ پاکستان اس وقت جمہوری دور کے ایک اہم موڑ پر ہے2018ءکے انتخابات پر پوری دنیا کی نظریں مرکوز ہیں۔ نگران حکومت الیکشن کمشن کی طرف سے جاری کی گئی ہدایات پر من و عن عملدرآمد کرائے گی۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ صوبے کے متعلقہ اداروں کی طرف سے موثر مانیٹرنگ کے ذریعے انتخابی عمل کو مکمل طور پر شفاف رکھنے کے لئے کوشاں ہیں۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے کہاکہ حکومت کی طرف سے انتخابات کے پرامن انعقاد کے لئے ساز گار ماحول فراہم کیا جائے گا۔ نگران حکومت کا بنیادی فرض انتخابات کے شفاف، منصفانہ اور آزادانہ انعقاد کو یقینی بنانا ہے۔ الیکشن سے جمہوریت مضبوط ہوتی ہے اور نگران حکومت کو الیکشن کے عمل کو کامیاب بنانے کیلئے تعاون فراہم کرنا ہے۔ حسن عسکری نے سکاٹ لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی میچ جیتنے پر قوم کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ سرگودھا کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ