حکومتِ پنجاب کا سٹیزن فیڈ بیک ماڈل البانیہ نے بھی اپنا لیا

لاہور(خصوصی رپورٹر) حکومتِ پنجاب کا رشوت ستانی کے خاتمے کے لئے شروع کیا گیا سٹیزن فیڈ بیک ماڈل یورپی ملک البانیہ نے بھی اپنا لیا ۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ بینک کے سینئر سپیشلسٹ زبیر بھٹی اور مس جانا کونیکووا JANA KUNICOVA))نے عالمی بینک کی ویب سائیٹ پر دیے گئے مضمون(بلاگ) میں انکشاف کیا کہ پنجاب کا یہ ماڈل مارچ 2015ء سے البانیہ میں کام کر رہا ہے جس کے لئے البانیہ کی حکومت کو عالمی بینک کا تعاون حاصل ہے۔ واضح رہے کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ عالمی بینک کے تعاون سے ہی صوبائی محکمہ مال، صحت، پولیس، خوراک، ایل ڈی اے ، ریسکیو اور فلڈ ریلیف میں یہ نظام2012ء سے چلا رہا ہے ۔ جس کی کامیابی اور افادیت کے پیش نظر عالمی بینک نے اسے البانیہ کے سرکاری ہسپتالوں میں شروع کرایا ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرح البانوی وزیر بلیڈی سوسی بھی سرکاری ہسپتال میں آنے والے مریضوں سے بذریعہ کال یا ایس ایم ایس رابطہ کرتے ہیں۔