فٹبال ورلڈکپ : میکسیکو نے کیمرون‘ ہالینڈ نے سپین کو شکست دیدی‘ پاکستانیوں کی بڑی تعداد برازیل پہنچ گئی
ساؤپاؤلو+ سیالکوٹ (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) فٹبال ورلڈکپ کے میچ میں میکسیکو نے کیمرون کو اکی صفر سے ہرا دیا۔ میکسیکو کی طرف سے مریلٹا نے 60ویں منٹ میں فیصلہ کن گول کیا۔ اس سے پہلے دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف گول کرنے کیلئے برسرپیکار رہیں لیکن کامیابی نہ مل سکی۔ میچ کے دوران دونوں ٹیموں نے 12,12 فاؤل کئے۔ دوسرے میچ میں ہالینڈ نے دفاعی چیمپئن سپین کو 1 کے مقابلے میں 5گول سے شکست دے کر آئوٹ کلاس کردیا۔ ہالینڈ کی ٹیم کھیل شروع سے ہی چھائی رہی اور سپین کے کھلاڑیوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔ برازیل میں فٹ بال ورلڈکپ کو دیکھنے کے لئے سیالکوٹ کے برآمدکنندگان کی ایک بڑی تعداد برازیل پہنچ گئی ۔مذکورہ ورلڈ کپ سیالکوٹ کے بنے ہوئے فٹ بالوں سے کھیلا جا رہا ہے۔ جو سیالکوٹ کے ہنرمندوں کی بین الاقوامی میعار کی ہنرمندی اور اعلیٰ کوالٹی کا واضح ثبوت ہے۔ملک کے برآمدی شہر سیالکوٹ میں اکثر ایکسپورٹرز نے اپنی فیکٹریوں میں بڑی بڑی سکرینیں لگائی ہیں جہاں وہ ساتھیوں کے ساتھ برازیل فٹ بال ورلڈ کپ سے محظوظ ہو رہے ہیں۔ برازیل میں فٹ بال کے میدانوں میں سیالکوٹ میں بنے ہوئے فٹ بال کا راج شروع ہو چکا ہے۔برازیل نے پاکستانیوں کے لئے ویزے کو ختم کردیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری ورلڈ کپ مقابلوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔