مثالی بجٹ پیش کیا گیا، عام آدمی کی حالت بہتر ہو گی: وفاقی وصوبائی وزراء
لاہور (خصوصی رپورٹر+ اپنے نامہ نگار سے) حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے وفاقی وصوبائی وزراء نے پنجاب کے بجٹ کو عوامی بجٹ قرار دیا ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پنجاب کا بجٹ وزیراعلیٰ شہباز شریف کے ویژن کا آئینہ دار ہے جس میں امیروں پر ٹیکس لگائے گئے ہیں۔ وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت، بلتستان چودھری برجیس طاہر نے کہا کہ صوبائی بجٹ میں زراعت کو خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ پنجاب کے صوبائی وزیر محنت اور مسلم لیگ (ن) پنجاب کے جنرل سیکرٹری راجہ اشفاق سرور نے پنجاب کے بجٹ کو عوامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں اضافہ کیا ہے۔ جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے بجٹ میں جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے تاریخ کے سب سے بڑے ترقیاتی پیکیج کے اعلان پر وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ صوبائی وزیر آبپاشی میاں یاور زمان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے عوامی امنگوں کے عین مطابق عوام دوست اور کسان دوست بجٹ پیش کیا ہے۔ وزیرتعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خان‘ پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت رانا محمد ارشد اور پنجاب اسمبلی کے دیگر اراکین نے کہا ہے کہ عوام دوست اور فلاحی بجٹ نے اپوزیشن کے احتجاجی عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔ صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ مالی سال 2014-15ء کا صوبائی بجٹ متوازن اور کسان دوست ہے۔ وزیرزراعت نے کہا کہ ہمارا ایمان ہے کہ زراعت کی ترقی سے ہی ملکی اور صنعتی معیشت کا پہیہ چلتا ہے۔ صوبائی وزراء بلال یاسین اور عطا محمد مانیکا نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے تاریخ ساز بجٹ پیش کر کے انتہائی وژنری لیڈر اور عوام کا خادم ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ پنجاب کا بجٹ ترقی کے عمل کو تیز تر کریگا۔ بجٹ 2014-15ء پیش کئے جانے کے بعد صوبائی وزیر ہائوسنگ، تعمیرات ومواصلات ملک تنویر اسلم اعوان نے بجٹ کو عوام دوست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل ترین حالات میں اتنا عمدہ بجٹ پیش کیا جانا موجودہ حکومت کے اہم کارناموں میں سے ایک ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے صوبے کے غریب عوام کو ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کیلئے 8 ارب 75 کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کر کے غریب دوست وزیر اعلی ہونے کا حق ادا کر دیا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ صحت کے صوبائی بجٹ میں 37 فیصد اضافہ صحتمند پنجاب کا آئینہ دار ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ضلعی و تحصیل ہسپتالوں کیلئے 36 کروڑ 44 لاکھ روپے سے ایمبولینس خریدی جائیں گی۔ صوبائی وزیر سماجی بہبود سید ہارون احمد سلطان بخاری اور صوبائی وزیر کوآپریٹو ملک محمد اقبال چنٹر نے بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور انکی ٹیم نے بجٹ پیش کر کے صوبے کی معیشت میں نئی تاریخ رقم کی ہے۔ صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر ملک ندیم کامران، وزیر ماحولیات و انسداد دہشت گردی کرنل (ر) شجاع خانزادہ اور وزیر جنگلات ملک محمد آصف بھا نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے متوازن اور عوام دوست پیش کر کے ثابت کر دیا ہے کہ وہ عام آدمی کی فلاح کیلئے ہر ممکن اقدامات کرتی رہے گی۔ صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے صوبائی بجٹ 2014-15 ء کو متوازن اور عوام دوست قرار دیتے ہوئے اسے معاشی ترقی اور خود انحصاری کی منزل کی جانب مثبت قدم قرار دیا ہے۔ پنجاب میں صوبائی لیبر پالیسی مرتب کر لی گئی ہے جوکہ جلد منظوری کیلئے کابینہ کے سامنے پیش کر دی جائیگی۔
حکومتی ردعمل