سردار عبدالرب قائداعظمؒ کے سچے پیروکار تھے: ڈاکٹر مجید نظامی‘ نظریہ پاکشستان ملکی سالمیت کا ضامن ہے: غالب نشتر
لاہور(خصوصی رپورٹر) سردار عبدالرب نشترؒ قائداعظمؒ کے سچے پیروکار اور بااصول انسان تھے۔انہوں نے صوبہ سرحد میں گاندھی کے چیلوں کو شکست دی۔ سردار عبدالرب نشترؒ نے انتہائی سادہ زندگی بسرکی۔ ان خیالات کا اظہار تحریک ِپاکستان کے سرگرم کارکن‘ ممتاز صحافی اور نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین ڈاکٹر مجید نظامی نے ایوانِ کارکنانِ تحریکِ پاکستان، لاہور میں تحریک پاکستان کے عظیم رہنماوقائداعظمؒ کے رفیق خاص سردار عبدالرب نشترؒ کے 115ویں یوم ولادت کے موقع پر خصوصی تقریب کے دوران کیا۔ تقریب کی صدارت سردار عبدالرب نشترؒ کے پوتے محمد غالب نشتر نے کی جبکہ اس موقع پر سابق صدر رفیق تارڑ، نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد، ایڈیٹر روزنامہ دن میاں حبیب اللہ، بیگم مہناز رفیع، پروفیسر ڈاکٹر پروین خان، مولانا شفیع جوش اور نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید سمیت طلباء و طالبات، اساتذۂ سمیت دیگر افراد کثیر تعداد میں موجود تھے۔ نعیم احمد نے تلاوت جبکہ الحاج اختر حسین قریشی نے ہدیۂ نعت پیش کیا۔ ڈاکٹرمجید نظامی نے کہا کہ سردار عبدالرب نشتر گورنر رہے اور میں اس وقت طالب علم تھا۔ وہ گورنر ہائوس سے نکل کر ریگل چوک تک فٹ پاتھ پر واک کیا کرتے تھے۔ میں بھی یہاں واک کیا کرتا تھا اور میں نے بلا مبالغہ سینکڑوں مرتبہ انہیں واک کرتے دیکھا‘ اس دوران وہ تنہا ہوتے اور ان کے ساتھ کوئی سکیورٹی اہلکار نہیں ہوتا تھا۔ سردار عبدالرب نشترؒ نے بحیثیت گورنر اپنے بیٹوں کو سرکاری گاڑی استعمال کرنے سے بھی منع کررکھا تھا اور ان کے بیٹے سائیکل پر ہی سکول آیا جایا کرتے تھے۔ اس سے آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ وہ کتنے بااصول انسان تھے اور انہوں نے کتنی سادہ زندگی بسر کی۔ میرے خیال میں ایسے بچے مائیں خال خال ہی جنم دیتی ہیں۔ میں نے اپنی زندگی میں ان جیسا دوسرا کوئی لیڈر نہیں دیکھا۔ غالب نشتر نے کہا کہ ڈاکٹر مجید نظامی کا مشکور ہوں کہ وہ سردار عبدالرب نشترؒ کے یوم ولادت پر باقاعدگی کے ساتھ تقریب کا انعقاد کرتے ہیں۔ ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا کہ میں نے سردار عبدالرب نشتر گورنر متعدد بار دیکھا ہے۔ آپ ایسے ایڈمنسٹریٹر تھے جنہوں نے پاکستان میں اسلامی اقدار و کلچر پر عمل فوری عمل کرنا شروع کر دیا۔ آپ ہمیشہ قائد اعظمؒ کی پیروی کیا کرتے تھے۔ سابق صدر رفیق تارڑ نے کہا سردار عبدالرب نشترؒ اسلامی غیرت و حمیت کا پیکر، غیرت مند اور صاحب کردار انسان تھے۔ آپ نے سادہ زندگی بسر کی۔ آپ کا دل ہمیشہ پاکستانی قوم کیلئے دھڑکتا تھا۔ پروفیسر ڈاکٹر پروین خان نے کہا کہ زندہ قومیں ہمیشہ اپنے محسنوں کو یاد رکھتی ہیں۔ سردار عبدالرب نشترؒ عظیم مجاہد، شعلہ بیان مقرر اور قادرالکلام شاعر بھی تھے۔ تقریب کے اختتام پر سردار عبدارب ؒ کے یوم ولادت کے موقع پر ڈاکٹر مجید نظامی نے کیک کاٹا۔ آخر میں مولانا شفیع جوش نے دعا کروائی۔ علاوہ ازیں ایوان کارکنان تحریک پاکستان، لاہور میں نظریاتی تربیتی ورکشاپ برائے اساتذۂ کرام سے خطاب کرتے ہوئے نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے کہا کہ پاکستان کسی نے ہمیں طشتری میں رکھ کر پیش نہیں کیا بلکہ اس کیلئے جان و مال کی بے شمار قربانیاں دی گئیں۔ ہم ڈاکٹر مجید نظامی کی قیادت میں پاکستان کے اساسی نظریہ کے فروغ و تحفظ اور اس کی ترویج کیلئے مسلسل کام کررہے ہیں۔