ایل ڈی اے پلازہ آتشزدگی، غفلت پر ڈائریکٹر انجینئرنگ برطرف، 12اہلکاروں کو محکمانہ سزائیں
لاہور (خصوصی نامہ نگار) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ نے ایل ڈی اے پلازہ میں آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کے لئے طویل اور قلیل المدتی اقدامات کرنے میں ناکامی پر ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ عبدالرزاق کو ملازمت سے بر طرف کر دیا جبکہ سیکرٹری ایل ڈی اے و دیگر سپانسرز سردار محمد اکبر نکئی کی ایک انکریمنٹ ایک سال کے لئے رو ک دی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن /منیجر ایل او ایس علی اصغر سعید اور اسسٹنٹ انجینئر (سول)عبدا لمتین ناصر کی تین سال اور مینٹننس فورمین محمد اعجاز اور الیکٹریکل سپر وائزر قمر تسکین کی دو سال کی سروس ضبط کر لی ہے۔ اس کے علاوہ محمد نعمان خان اسسٹنٹ ڈائریکٹر ‘علی رضا اسسٹنٹ انجینئر ‘یونس الٰہی سب انجینئر ‘ارشد علی خان اور ممتاز علی خان الیکٹریکل سپروائزر اور پرویز خاور ‘جہانگیر الیکٹریشن کی دو انکریمنٹس دو سال تک روکنے کا حکم دیا ہے ۔واضح رہے کہ 9مئی 2013ء کو ایل ڈی اے پلازہ ایجرٹن روڈ میں شارٹ سرکٹ کے نتیجے میں آتشزدگی کا افسوسناک واقعہ رونما ہوا تھا۔