دہشتگردی کو کچلنے کیلئے فوج کو فری ہینڈ دیا جائے: حامد رضا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام سانحۂ کراچی و تفتان کے خلاف ملک گیر ’’یومِ مذمت دہشت گردی‘‘ منایا گیا اور ملک بھر میں انسانی جان کی حُرمت کے حق میں اور قتل ناحق کے خلاف خطباتِ جمعہ دیئے گئے ۔چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے مرکزی سنی رضوی مسجد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کو کچلنے کے لیے پاک فوج کو فری ہینڈ دیا جائے۔ حکمرانوں نے فوج کے ہاتھ باندھ رکھے ہیں۔ پاک فوج دہشت گردی کو ختم کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ پاکستان دشمن طاقتیں ہماری قومی سلامتی کے نظام کو درہم برہم کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور وزیر داخلہ ایک دوسرے کو طعنے دینے کی بجائے دہشت گردی کے خلاف عملی اقدامات کریں۔ دہشت گردی کے ناسور سے نجات کے لیے پوری قوم کو متحد ہونا پڑے گا۔