کراچی: خونریزی جاری، ہیڈ کانسٹیبل سمیت 5 ہلاک، اہلکار کے گھر پر بم حملہ
کراچی (این این آئی) شہر قائد میں جمعہ کے روز فائرنگ اور تشدد کے دیگر واقعات میں ہیڈ کانسٹیبل سمیت 5 افراد جاں بحق 11 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹائون میں بال بم دھماکہ کیا گیا اور عزیز آباد سے اقوام متحدہ کی گاڑی چھین لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹائون میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مومن آباد تھانے کا ہیڈ کانسٹیبل محمد اسلم جاں بحق ہوگیا۔ جس کی نعش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ واضح رہے چار روز قبل مومن آباد تھانے کے باہر 2 پولیس اہلکاروں کو موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا، اسی تھانے کے احاطے سے چند روز قبل 2 بم بھی برآمد ہوئے تھے۔ لیاری چاکیواڑہ، ناظم آباد، بلدیہ ٹائون، گلشن معمار، میمن گوٹھ اور شیرشاہ میں موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے خاتون اوربچے سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے گھر کے مالک کو حراست میں لے لیا۔ عزیز آباد میں مکا چوک سے تین ملزمان اقوام متحدہ کی ڈبل کیبن گاڑی چھین کر فرار ہوگئے۔ دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس نے نارتھ ناظم آباد، تیموریہ، پٹھان کالونی، ائرپورٹ پارکنگ اور پاک کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم جماعتوں کے چار ارکان سمیت پندرہ ملزمان کو گرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ شاہ لطیف ٹاؤن میں ایک پولیس اہلکار کے گھر پر بم سے حملہ کیا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ادھر عوامی کالونی میں ٹمبر مارکیٹ سے ایک شخص کی تشدد زدہ نعش ملی۔ بلدیہ ٹاؤن میں خاتون کی بوری بند نعش ملی۔ ناتھا خان کے علاقے میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ تینوں کی شناخت نہ ہو سکی۔ پی آئی بی کالونی میں کچرے کے ڈھیر سے نوزائدہ کی نعش ملی ریسکیو اہلکاروں نے بچے کی نعش کو ہسپتال منتقل کیا۔