لوئر دیر : چیک پوسٹ پر دستی بم سے حملہ ایک ایف سی اہلکار جاں بحق، 2زخمی، ہنگو میں 20کلو وزنی بم ناکارہ بنا دیا گیا
پشاور+ ہنگو (این این آئی+ ثنا نیوز) لوئر دیر میں شدت پسندوں کی جانب سے چیک پوسٹ پر حملے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا جبکہ سالارزئی میں نامعلوم افراد کی جانب سے سڑک کے کنارے نصب کیا گیا بارودی مواد دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں ایف سی کے دو اہلکار زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق ضلع لوئر دیر کے علاقے گل آباد میں پولیس چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کرکے ایک پولیس اہلکار کو جاںبحق کر دیا۔ پولیس نے بتایا شدت پسندوں نے تھانہ چکدرہ کی حدود میں واقع گل آباد پولیس چیک پوسٹ پر دستی بم سے حملہ کیا۔ ادھر پولیٹیکل ذرائع کے مطابق ایف سی اہلکار باجوڑ کے علاقے سالارزئی جا رہے تھے سڑک کنارے نصب بارودی مواد کا دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہو گئے۔ ہنگو میں تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام، علاقہ درسمند میں جامع مسجد کے قریب نصب کیا گیا، 20کلو وزنی بم کو بم ڈسپوزل سکواڈ نے ناکارہ بنا دیا، اس حوالے سے پولیسنے بتایا 20کلو وزنی بارودی مواد نصب تھا اطلاع بم ڈسپوزل سکواڈ کو کی گئی بم ڈسپوزل سکواڈ نے موقع پر پہنچ کر بم کو ناکارہ بنا کر تباہی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔