یوم شہدائے کشمیر۔ پاکستان کا اظہار یکجہتی

پاک فوج نے یوم شہدائے کشمیر پر شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا ہے کہ شہدائے کشمیر کا دن ہمیں آزادی کے لئے لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ اس سلسلہ میں ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا کہ شہداء کے لہو کا ایک ایک قطرہ فراموش کیا جا سکتا ہے نہ معاف کیا جائے گا۔ بھارتی مظالم جدوجہد آزادی کو دبانے میں ناکام رہے اور کامیابی ان شاء اللہ کشمیریوںکا مقدر ہے۔
کشمیری عوام بھارتی تسلط سے اپنی آزادی کی جدوجہد گزشتہ سات دہائیوں سے جاری رکھے ہوئے اور اس مقدس مقصدکی خاطر اب تک اپنے لاکھوں پیاروں کی جانوں کے نذرانے پیش کر چکے ہیں۔ بھارت کی ہر حکومت نے ان کی آواز دبانے اور انہیں جدوجہدسے ہٹانے کے لئے ظلم و جبر کا ہر ہتھکنڈہ استعمال کیا مگر کشمیریوں نے اپنے حریت رہنمائوں کی زیر قیادت جدوجہد جاری رکھی اور آزادی کی شمع کی لو کبھی مدھم نہیں ہونے دی۔ کشمیری عوام دنیا بھر میں اپنے شہداء کی بے مثال قربانیوں کی یادتازہ رکھنے کے لئے ہی ہر سال -13 جولائی کو یوم شہدائے کشمیر مناتے ہیں اور اس دوران وہ اقوام عالم کے سامنے بھارتی مکروہ چہرہ بھی بے نقاب کرتے ہیں۔ بھارتی فوجوں کے مظالم سے لگنے والے زخم بھی دکھاتے ہیں اور نمائندہ عالمی اداروں سمیت انسانی حقوق کے تحفظ کے داعی اداروں کے دروازے بھی کھٹکھٹاتے ہیں۔ گزشتہ روز بھی کشمیری عوام نے یوم شہدائے کشمیر مناتے ہوئے دنیا بھر میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے جبکہ پاکستان کے عوام اور تمام سیاسی ، حکومتی اور عسکری قیادتوں نے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ بھارت کی مودی سرکار نے جو کشمیر کو ہڑپ کر کے پاکستان کی سلامتی اور علاقائی و عالمی امن کے درپے ہے۔ گزشتہ روز بھی کشمیریوں پر اپنے مظالم میں کمی نہیں آنے دی اور بارہمولہ اور سوپور میں محاصرے کے دوران بھارتی فوجوں نے مزید چار کشمیری نوجوانوں کو شہیدکر دیا۔ مقبوضہ وادی 344 روز سے مودی سرکار کے عائدکئے گئے کرفیو کی زدمیں ہے اور کشمیری عوام کا رابطہ آج بھی بیرونی دنیا سے منقطع ہے جبکہ جعلی اپریشنز میں کشمیریوںکے قتل عام کا سلسلہ بھی جاری ہے جو اقوام عالم سے سخت نوٹس لینے کا متقاضی ہے۔ اگر عالمی برادری نے بھارتی مظالم پر محض رسمی مذمتوں اور قراردادوں پر ہی اکتفا کئے رکھا تو وہ دن دور نہیں جب بھارتی جنونیت کے ہاتھوں علاقائی اور عالمی امن بھسم ہو جائے گا۔