شہباز شریف پربرطانوی امدادی رقم کا کچھ حصہ منی لانڈرنگ کے ذریعے واپس برطانیہ منتقل کرنے کا الزام
برطانوی اخبار نے تحقیقاتی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں دعوی کیا ہے کہ سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے خاندان نے برطانیہ سے حاصل کی جانیوالی امدادی رقم کا کچھ حصہ منی لانڈرنگ کے ذریعے واپس برطانیہ منتقل کیا،شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز نے اسے وزیراعظم عمران خان کی سرپرستی میں سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے اپنے اور اپنے خاندان پرلگائے جانیوالے تمام الزامات کو مسترد کیا ہے۔ سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے دور میں برطانوی امدادی ادارے نے لگ بھگ پانچ سو ملین پاونڈ رقم پنجاب کو دی۔برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک جانب عالمی ترقیاتی منصوبوں کے لئے امداد دینے والا برطانوی محکمہ DFID سابق وزیراعلی پنجاب پر امدادی رقم کی بارش کرتا رہا تو دوسری جانب ان کا خاندان عوامی فنڈ کے ملین پاونڈز منی لانڈرنگ کے ذریعے برطانیہ منتقل کرتے رہے۔تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ منی لانڈرنگ کے ذریعے برطانیہ منتقل کی جانیوالی رقم میں DFID سے لی گئی امداد کا حصہ شامل ہے۔دوسری جانب شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز نے اسے وزیراعظم عمران خان کی سرپرستی میں سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے اپنے اور اپنے خاندان پرلگائے جانیوالے تمام الزامات کو مسترد کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ان الزامات کو ثابت کرنے کے لئے کوئی شواہد موجود نہیں۔