پاکستان بابا گورونانک کے جنم دن تک کرتار پورراہداری کو عملی شکل دینے کیلئے پرعزم ہیں:ترجمان دفترخارجہ
پاکستان اور بھارت کے درمیان کرتار پور راہداری کے بارے میں مذاکرات کا دوسرا دور اب سے تھوڑی دیر پہلے واہگہ مشترکہ سرحد کی پاکستان حدود میں شروع ہوا۔ڈاکٹر محمد فیصل نے مذاکرات شروع ہونے سے پہلے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت اور وعدے کے مطابق پاکستان بابا گورونانک دیوجی کے 550 ویں جنم دن تک کرتار پور صاحب راہداری کو عملی شکل دینے کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حدود میں کام تیزی سے جاری ہے اور گوردوارہ کمپلیکس، ٹرمینل کی عمارت اور سڑک کا ستر فیصد سے زائد کام مکمل کرلیاگیا ہے۔ایک سوال پر انہوں نے امید ظاہر کی کہ راہداری کو عملی شکل دینے کیلئے بات چیت کا آج ہونے والا دور تعمیری ہوگا۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ مذاکرات کا دوسرا دور اپریل میں ہونا تھا جواب ہورہا ہے.