نوازشریف کو بی کلاس الاٹ،میدیکل ٹیموں نے نوازشریف کو صحت مند قرار دیا

Jul 14, 2018 | 18:46

ویب ڈیسک

سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کو اڈیالہ جیل میں بی کلاس دے دی گئی جب کہ مریم نواز کو سہالہ ریسٹ ہاوس کی بجائے اڈیالہ میں ہی رکھا جائے گا۔ایون فیلڈ ریفرنس کے کیس میں سزا پانے والے نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو گزشتہ روز وطن واپس پہنچنے پر لاہور ائیرپورٹ سے گرفتار کیا گیا جس کے بعد انہیں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز  کو جیل میں رکھنے سے متعلق پلان میں تین مرتبہ تبدیلی کی گئی جس کے بعد نواز شریف کو اڈیالہ جیل میں بی کلاس منتقل کر دیا گیا۔ جیل مینول کے مطابق بی کلاس میں ٹیلی ویژن، اخبار اور بیڈ کی سہولت دی جاتی ہے جب کہ اٹیچ باتھ روم، پنکھا اور ایک مشقتی بھی دیا جاتا ہے۔ نوازشریف اور مریم نواز کا لاہور سے لایا گیا ذاتی سامان بھی اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔سابق وزیراعظم کا ذاتی اسٹاف سامان لے کر اڈیالہ جیل پہنچا جس میں کپڑے، شیونگ کا سامان اور دیگر چیزیں شامل ہیں جب کہ سامان میں نوازشریف کی ادویات بھی شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کا میڈیکل چیک اپ بھی کیا گیا جس میں میدیکل ٹیموں نے دونوں کو صحت مند قرار دیا۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی 2017 کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے تھے، جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ہیں،سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف دیگر 2 نیب ریفرنسز کا ٹرائل اب جیل میں ہی ہوگا۔

#/S

 

مزیدخبریں