کپاس کی فصل پر سپرے کرنے کیلئے کاشتکار احتیاطی تدابیر اختیار کریں : محکمہ زراعت
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب ریسرچ انفارمیشن یونٹ فیصل آباد نے کہا ہے کہ کاشتکار کپاس کی فصل پر سپرے کرنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ سپرے سے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ سپرے مشین کا انتخاب کھیت کی نوعیت کے مطابق اس طرح کریں کہ پورا کھیت ہفتہ میں کم از کم ایک یا دو بار سپرے ہو جائے۔ اگر کپاس 10 ایکڑ سے کم رقبہ پر کاشت کی گئی ہو تو نیپ سیک سپریئر استعمال کریں۔ اگر رقبہ 10 سے 125 ایکڑ کے درمیان ہو تو سولو پاور سپریئر اور 25 سے 150 ایکڑ کے درمیان رقبہ ہونے کی صورت میں 200 لٹر والی ٹریکٹر بوم سپریئر کا انتخاب کریں۔ اگر رقبہ 150 ایکڑ سے زیادہ ہو تو 400 لٹر والی ٹریکٹر بوم سپریئر کا انتخاب کریں۔ سپرے صبح یا شام کے اوقات میں کریں جب درجہ حرارت کم ہو۔ بارش کا امکان ہونے کی صورت میں سپرے ہر گز نہ کریں، سپرے سے قبل مشین کا اچھی طرح معائنہ کریں۔ کیڑے مار اور پھپھوند کش ادویات کیلئے ہولو کون نوزل اور جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لئے فلیٹ فین (ٹی جیٹ) نوزل استعمال کریں۔