رسول کریمؐ نے قول و فعل سے مساوات کی بہترین مثالیں قائم کیں: ڈاکٹر راغب نعیمی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ ممبراسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ اسلام عدل و مساوات کا جو پیمانہ اسلام نے دیا ہے، دنیا میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ رسول اکرم ؐ نے اپنے قول اور فعل سے مساوات کی بہترین مثالیں قائم فرمائیں۔ اسلام اور تمام انبیاء رسول کی سیرت و کردار سے ہمیں عدل و انصاف ہی کا سبق ملتا ہے۔رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ طیبہ کا سب سے نمایاں پہلو معاشرے میں عدل و انصاف کا متوازن نظام ہے۔ اللہ رب العزت نے اہل ایمان کو فرمایا کہ جب بھی لوگوں کے درمیان فیصلہ کرنے لگو تو عدل و انصاف سے فیصلہ کیا کرو یعنی اگر کوئی حکمراں ہے یا منصب قضا پر فائز ہے کوئی بھی شخص کسی بھی لحاظ سے انصاف کرنے کی پوزیشن میں ہو تو اسے چاہیے کہ وہ فریقین کے دلائل‘ حالات و واقعات پر ٹھیک ٹھیک عدل کرے اور مظلوم کو اس کا پورا حق دلائے امام کائنات ؐ نے دنیا کے سامنے عدل و انصاف کی وہ روشن مثال قائم فرمائی جو رہتی دنیا تک کے لیے مشعل راہ ہے۔