انتخابی مہم میں دہشتگردی واقعات تشویشناک، حکومت امیدواروں کو تحفظ دے: میاں مقصود
لاہور (خصوصی نامہ نگار) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے مستونگ دھماکے میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار سراج رئیسانی سمیت درجنوں افراد کے جاں بحق ہونے اور ایم ایم اے کے رہنما و امیدوار اکرم خان درانی کے قافلے پرحملے اور اس کے نتیجہ میں ہونے والے جانی نقصان پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ انتخابی مہم کے دوران دہشت گردی کے واقعات کا ہونا انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔ صوبائی نگران حکومتیں اور قانون نافذ کرنے والے تما م ادارے امیدواروں کو تحفظ فراہم کریں۔ چند دن قبل پشاور میں اے این پی کے صوبائی اسمبلی کے امیدوار ہارون بلور کو ایک خودکش حملے میں جاں بحق کر دیا گیا ابھی پشاور واقعہ کا غم لوگ بھول نہیں پائے تھے کہ دواورواقعات کا ہونا تشویش ناک امر ہے۔ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک میں حالات ایسے وقت میں خراب کئے جا رہے ہیں جب پورے پاکستان میں انتخابات کا میدان سج چکا ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین و امیدواران اپنی اپنی انتخابی مہم چلا رہے ہیں اور عوام میں موجود ہیں۔ ملک وقوم کو بحرانی کیفیت سے نکالنے کے لئے ضروری ہے کہ دہشتگردی، لاقانونیت، کرپشن اورکرپٹ عناصرسے چھٹکارہ حاصل کیاجائے۔ جب تک ملک سے دہشتگردی اور کرپشن کا مکمل خاتمہ نہیں ہوجاتا تب تک ملک ترقی نہیں کرسکتا۔دہشتگردی کی نام نہاد جنگ میں پاکستان کے عوام نے لازوال قربانیاں دیںہیں اور ملکی معیشت کو سوا سو ارب ڈالر کا ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنا پڑا، مگر اس کے باوجود دنیا پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم نہیں کیا جا رہا۔