لیڈی ہیلتھ ورکرز کے وفد کی سیکرٹری ہیلتھ سے ملاقات‘ مسائل سے آگاہ کیا
لاہور(کامرس رپورٹر)سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز اور لیڈی ہیلتھ سپروائزرز ہیلتھ کیئر ڈلیوری سسٹم اور بیماریوں کی روک تھام کے پروگرام کا انتہائی اہم حصہ ہیں اور حکومت ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔ LHWsکے بقایاجات کی ادائیگی کے لئے حکومت نے پہلے ہی 3ارب روپے سے زائد کے فنڈز فراہم کردیئے ہیں۔انہوں نے یہ بات گزشتہ روز اپنے دفتر میں لیڈی ہیلتھ ورکرز اور لیڈی ہیلتھ سپروائزرز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے رخسانہ انور کی قیادت میں ملاقات کی۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز کے وفد نے اپنے سروس سٹرکچر کے معاملات کے علاوہ فیلڈ ڈیوٹی کے دوران پیش آنے والے مسائل سے سیکرٹری صحت کو آگا ہ کیا- اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ حاملہ خواتین ، زچہ بچہ کی دیکھ بھال ، خواتین اور بچوں کی ویکسینیشن ، روٹین ایمونائزیشن ، پولیومہم اور بیماریوں کی روک تھام میں لیڈی ہیلتھ ورکرز اہم ذمہ داریاں پوری کرتی ہیں۔